نئی دہلی3مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ریاستی کانگریس صدر اجے ماکن نے عام آدمی پارٹی (آپ) کی اندرونی اختلاف کو بی جے پی سے سپانسر بتاتے ہوئے الزام لگایا کہ آپ، بی جے پی کی ہی بی ٹیم ہے اور پارٹی کے دونوں سب سے سنیئرلیڈران - اروند کیجریوال اور منیش سسودیاآر ایس ایس کی کٹھ پتلی ہیں۔ ماکن نے کارپوریشن انتخابات کے کانگریس کے امیدواروں کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ آپ کے اختلاف کی اسکرپٹ بی جے پی اور آر ایس ایس نے لکھی ہے۔ اس کی تصدیق آپ ممبر اسمبلی امانت اللہ خان کی طرف کمار وشواس کو آر ایس ایس کا ایجنٹ بتائے جانے سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ہے کہ صرف کمار وشواس ہی نہیں، کیجریوال اور سسودیا بھی آر ایس ایس کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ماکن نے کہا کہ انتخابات کے دوران آپ ہمیشہ کانگریس کے روایتی ووٹ بینک میں نقب زنی کرنے کی کوشش کرتی ہے، جس کا سیدھا فائدہ بی جے پی کو ہوتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ آپ اوربی جے پی کی آپسی ملی بھگت کی یہ کوشش ناکام رہی ہے، کیونکہ کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کا ووٹ فیصد9 فیصد سے بڑھ کر22 فیصد تک پہنچنے کا مطلب صاف ہے کہ پارٹی کاروایتی ووٹ بینک اس کے پاس واپس آ گیاہے۔اس سے پہلے اجلاس میں کانگریس کے کامیاب اورہارے امیدواروں نے انتخابات میں پارٹی کے ہی رہنماؤں کی طرف سے اندرونی خلفشار کرنے کی شکایت کی۔ اس پر ماکن نے امیدواروں سے انتخابات کے دوران پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے ایسے لیڈروں کا نام پارٹی کی انتظامی کمیٹی کو بتانے کے لئے کہاہے۔